امریکا کا روسی صدر کے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی جوابی تنصیب بارے بیان پر تبصرے سے انکار

110

واشنگٹن۔29جولائی (اے پی پی):امریکا نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے اس بیان پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے کہ اگر جرمنی میں امریکا کی طرف سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیار آتے ہیں تو روس درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں کی تعیناتی پر یکطرفہ پابندی کو ترک کر دے گا۔

تاس نے امریکی محکمہ دفاع( پینٹاگان) کے ایک نمائندے کے حوالے سے بتایا کہ وائٹ ہاؤس اور محکمہ خارجہ نے ابھی تک اس معاملے پر تبصرہ کرنے کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا ۔

واضح رہے اتوار کو سینٹ پیٹرزبرگ میں بحری پریڈ کے دوران روسی رہنما نے واشنگٹن کو خبردار کیا کہ اگر امریکا جرمنی میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں کی تنصیب شروع کرتا ہے تو روس درمیانی فاصلے کے ہتھیاروں کی تعیناتی پر یکطرفہ پابندی سے نکل جائے گا۔

قبل ازیں ،10 جولائی کو امریکا اور جرمنی نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ واشنگٹن 2026 سے جرمنی میں نئے ہتھیاروں کی تعیناتی شروع کر دے گا، ان ہتھیاروں کی رینج اس وقت یورپ میں تعینات کسی بھی چیز سے زیادہ ہو گی۔