امریکا کے ساتھ پاکستان کی فاضل تجارت کے حجم میں 4 ماہ میں 10.65 فیصد اضافہ

81
پاک۔امریکہ سفارتی تعلقات کے قیام کے 75سال مکمل ہونے کی خوشی میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعہ روشنیوں کا اہتمام

اسلام آباد۔3دسمبر (اے پی پی): امریکا کے ساتھ پاکستان کے فاضل تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر10.65 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔

پاکستان بیوروبرائے شماریات اورسٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں امریکا کوپاکستان کی فاضل تجارت کاحجم 1.397 ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1.263 ارب ڈالرتھا۔ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں امریکا کوپاکستان کی مجموعی برآمدات کاحجم 2.132 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 1.72 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں امریکا کوبرآمدات سے ملک کو 2.096 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا ۔

اکتوبرمیں امریکا کوبرآمدات میں سالانہ بنیادوں پر10.50 فیصدکی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں امریکا سے درآمدات میں سالانہ بنیادوںپر11.80 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے، جولائی سے لیکراکتوبرتک کی مدت میں امریکا سے درآمدات کاحجم 734.81 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 833.11 ملین ڈالرتھا۔اکتوبرمیں امریکا سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر9.60 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔