آکلینڈ۔11جنوری (اے پی پی):امریکی ٹینس سٹار بینجمن ٹوڈ شیلٹن اور جاپان کے ٹارو ڈینیئل اے ٹی پی ٹور کے ایونٹ اے ایس بی کلاسک ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلزمقابلوں کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ۔ 21 سالہ امریکی ٹینس کھلاڑی بینجمن ٹوڈ شیلٹن نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل رائونڈ میچ میں ہسپانوی حریف کھلاڑی رابرٹو کاربیلس بینا کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا جبکہ جاپان کے ٹارو ڈینیئل نے فرانسیسی حریف الیگرینڈرمولر کو شکست دے کر ٹاپ فوررائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
رواں سال کا پہلا اے ٹی پی ٹینس ٹورانامنٹ نیوزی لینڈ کے مشہور شہر آکلینڈ میں جاری ہے جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں ۔ مینز سنگلز مقابلوں کےکوارٹر فائنل میچ میں امریکی ٹینس سٹار بینجمن ٹوڈ شیلٹن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہسپانوی حریف رابرٹو کاربیلس بینا کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 3-6 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
ایک اور کوارٹر فائنل میچ میں جاپان کے ٹارو ڈینیئل نے فرانسیسی حریف کھلاڑی الیگرینڈرمولر کو 4-6، 7-6(7-3) اور 3-6 سے شکست دے کر ٹاپ فور رائونڈ تک رسائی حاصل کی۔\