28.2 C
Islamabad
جمعرات, مئی 8, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںامریکن پاکستان پبلک افیئرز کمیٹی کی پاکستان پربھارت کے حملے کی مذمت

امریکن پاکستان پبلک افیئرز کمیٹی کی پاکستان پربھارت کے حملے کی مذمت

- Advertisement -

نیو یارک۔7مئی (اے پی پی):پاکستانی نژاد امریکی سیاسی گروپ امریکن پاکستان پبلک افیئرز کمیٹی (اے پی پی اے سی )نے پاکستان پر بھارتی حملوں کی شدید مذمت کی ہے اور امریکا اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ جنوبی ایشیا میں امن کے فروغ کے لیے اقدامات کریں۔

امریکن پاکستان پبلک افیئرز کمیٹی (اے پی پی اے سی ) نے گزشتہ روز بیان میں کہا ہے کہ یہ عمل علاقائی استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے اور بین الاقوامی اصولوں اور پاکستان کی خودمختاری کی براہ راست خلاف ورزی ہے۔ کمیٹی نے معصوم جانوں کے ضیاع پر گہری تشویش کا اظہار کیا ۔

- Advertisement -

گروپ نے دو جوہری ہتھیاروں سے لیس ریاستوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر بھی اظہار خیال کرتے ہوئے ٹرمپ انتظامیہ، کانگریس کے ارکان اور وسیع تر بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ مزید کشیدگی کو روکنے اور بھارت کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے فوری طور پر تمام اقدامات کریں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور اسے بین الاقوامی قانون یا اصولوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ کمیٹی نے دنیا بھر جیسے کینیڈا، برطانیہ اور پاکستان میں بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی ’’را ‘‘کے ٹارگٹڈ قتل کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت امریکا میں اپنے شہریوں کو قتل کرنے کی سازش میں ملوث ہے اور محکمہ انصاف نے اس کے عہدیداروں پر الزام عائد کیا ہے۔

کمیٹی نے مزید کہا کہ بھارت نے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے افغانستان میں دہشت گرد تنظیموں کی حمایت کی ہے اور اب یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔ اے پی پی اے سی کے صدر ڈاکٹر پرویز اقبال نے کہا کہ یہ حملہ صرف پاکستان پر حملہ نہیں ہے بلکہ یہ جنوبی ایشیا میں امن پر حملہ ہے۔

اے پی پی اے سی کے چیئرپرسن ڈاکٹر اعجاز احمد نے کہا کہ امریکا کو دانشمندی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور جنوبی ایشیا میں مزید استحکام اور خوشحالی کے لیے دونوں ممالک کو تعمیری بات چیت میں شامل کرنا چاہیے۔ کمیٹی نے اپنے دیرینہ موقف کا اعادہ کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے بنیادی تنازعات بالخصوص جموں و کشمیر کو بین الاقوامی قانون اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ایماندارانہ اور منصفانہ حل کی ضرورت ہے۔

کمیٹی اس نازک وقت میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی اور امن کے ساتھ کھڑی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سفارت کاری، کشیدگی میں کمی اور باہمی احترام کے لیے نئی کوششوں پر زور دیتی ہے۔ کمیٹی نے کہا کہ جنوبی ایشیائی خطہ غربت، صحت کی ناقص دیکھ بھال اور کمزور سول انفراسٹرکچر کا شکار ہے۔ اے پی پی اے سی نے بھارت ، پاکستان اور دیگر علاقائی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ حقیقی علاقائی مسائل پر دوبارہ توجہ مرکوز کریں۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593925

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں