امریکہ، جنگلات میں آگ سے ہلاکتوں کی تعداد 35 ہو گئی، ہزاروں گھر، کاروبار،کئی قصبے تباہ ، لاکھوں ایکڑ پر محیط جنگلات جل کر راکھ

93

واشنگٹن۔ 15ستمبر(اے پی پی) امریکہ کی شمال مغربی ریاستوں کے جنگلات میں لگی آگ کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 35 ہو گئی ہے۔ آگ کے باعث ہزاروں گھر، کاروبار اور کئی قصبے تباہ اور لاکھوں ایکڑ پر محیط جنگلات جل کر راکھ ہو چکے ہیں۔ جن ریاستوں میں آگ لگی ہے ان میں کیلیفورنیا، اوریگان اور واشنگٹن شامل ہیں۔ آگ کی وجہ سے اٹھنے والے دھوئیں سے امریکی شہروں سان فرانسسکو، سیاٹل اور پورٹ لینڈ میں آسمان سرخ ہو گیا ہے۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق آگ سے متاثرہ شہروں میں دھوئیںکی وجہ سے لوگوں کو سانس لینے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں اور فضا میں دھوئیں کے بادل لاکھوں افراد کی صحت کے لیے خطرہ بن گئے ہیں۔حکام کے مطابق ریاست اوریگان کے شمال مغربی علاقوں میں فضا صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے، ہزاروں افراد اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے ہیں۔قومی موسمیاتی سروس کے مطابق دھوئیں کی وجہ سے حدِ نگاہ 500 میٹر سے بھی کم ہو چکی ہے جس کی وجہ سے آمدورفت میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔