امریکہ ، فرسٹ ریپبلک بینک بھی دیوالیہ ہو گیا،اثاثے جے پی مورگن چیز کو منتقل ہوں گے

131

سان فرانسسکو ۔2مئی (اے پی پی):امریکی ریاست کیلیفورنیا میں قائم فرسٹ ریپبلک بینک بھی ناکام ہو گیا ہے اور ریاستی ریگولیٹرز نے اسے اپنے انتظام میں لے لیا ہے۔ گزشتہ صرف دو ماہ کے دوران امریکہ میں کسی بڑے بینک کے ناکام ہو جانے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔روئٹرزکے مطابق ریاست کیلیفورنیا کے مالیاتی تحفظ اور جدت پسندی کے محکمے (ڈی ایف پی آئی ) نے بتایا کہ سٹیٹ ریگولیٹرز نے فرسٹ ریپبلک بینک کو بند کر کے اس کا انتظام فوری طور پر اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے۔

کیلیفورنیا کے ڈیپارٹمنٹ آف فنانشنل پروٹیکشن اینڈ انوویشن نے بتایا کہ اس نے فرسٹ ریپبلک بینک کے بارے میں ایک ایسے معاہدے پر اتفاق بھی کر لیا ہے، جس کے تحت اس بینک کے سارے اثاثے جے پی مورگن چیز اینڈ کمپنی اور نیشنل ایسوسی ایشن کو فروخت کر دیے جائیں گے۔کیلفورنیا کا فرسٹ ریپبلک بینک گزشتہ محض دو ماہ کے عرصے میں امریکہ کا ایسا تیسرا بڑا بینک ثابت ہوا ہےجسے کاروباری ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔

اس سے قبل سیلیکون ویلی بینک اور سگنیچر بینک بھی ناکام ہو گئے ۔اس نامزدگی کے بعد فیڈرل ڈیپازٹ انشورنس کارپوریشن نے بتایا کہ فرسٹ ریپبلک بینک میں جمع کردہ تمام رقوم اور اس ادارے کے اثاثے جے پی مورگن چیز بینک کو منتقل کر دیے جائیں گے۔ فرسٹ ریپبلک بینک کی امریکہ کی آٹھ ریاستوں میں قائم 84 شاخیں اسی ہفتے کاروبار کے پہلے دن فرسٹ ریپبلک بینک کی شاخوں کے طور پر نہیں بلکہ جے پی مورگن چیز بینک کی شاخوں کے طور پر کھولی جائیں گی۔

بینک کو اس سال مارچ کے اوائل میں امریکہ کے دو دوسرے اور قدرے بڑے بینکوں، سیلیکون ویلی بینک اور سگنیچر بینک کے کاروباری اور مالیاتی طور پر ناکام ہو جانے کے بعد سے مسلسل دباؤ کا سامنا تھا۔