اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):امریکہ ، یواے ای اوربرطانیہ مالی سال کے پہلے ماہ میں پاکستانی مصنوعات کی سب سے بڑے برآمدی ممالک رہے ہیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جولائی 2024 کے دوران امریکہ کو پاکستان کی مجموعی برآمدات کاحجم 476.017ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال جولائی کے 443.789 ملین ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں 7.26 فیصد زیادہ ہے۔
یواے ای پاکستانی برآمدات کے حوالہ سے دوسرا بڑاملک رہا، جولائی میں یواے ای کوبرآمدات سے ملک کو216.918ملین ڈالرکا زرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ سال جولائی کے 201.319 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 7.74 فیصد زیادہ ہے ۔ مالی سال کے پہلے ماہ میں برطانیہ پاکستان کی برآمدات کے حوالہ سے تیسرابڑاملک رہا، جولائی میں برطانیہ کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 183.303 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جوگزشتہ سال جولائی میں 151.554 ملین ڈالر تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق چین کو جولائی میں برآمدات کاحجم 160.10ملین ڈالرررہا جو گزشتہ سال جولائی کے 153.74ملین ڈالرکے مقابلہ میں 4.13فیصدزیادہ ہے۔ جرمنی کو برآمدات سے ملک کو135.46ملین ڈالرحاصل ہوئے۔ جولائی 2024-25 کے دوران ہالینڈ کو برآمدات کاحجم 124.54ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جو گزشتہ سال جولائی میں 110.059 ملین ڈالر تھا ، جولائی میں اٹلی کو96.024 ملین ڈالر ، سپین کو 106.70ملین ڈالر جبکہ افغانستان کو 88.065 ملین ڈالر ریکارڈ کی برآمدات ریکارڈکی گئیں ۔