اسلام آباد۔12مئی (اے پی پی):حکومت امریکا، امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی ( یو ایس ایڈ) کے توسط سے حکومتِ پاکستان کے ساتھ ایک کروڑ نوے لاکھ ڈالر مالیت کے پانچ سالہ منصوبہ کے لیے اشتراک کر رہی ہے جس کا مقصد پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے نظام میں بہتری لانا اور یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل ہونے والے نوجوانوں کے لئے روزگار کے حُصول کے امکانات میں اضافہ کرنا ہے۔
امریکا اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75ویں یوم تاسیس کی تقریبات کےموقع پر اس منصوبہ کا اجراء دونوں مُلکوں کے درمیان وسیع تعاون کی ایک اور مثال ہے۔اس پروگرام کے تحت پاکستان میں خواتین کی پانچ یونیورسٹیوں سمیت 15 سرکاری جامعات کے درمیان تدریس، تحقیق، نظم و نسق اور استحکام سے متعلق کامیاب تجربات سے باہمی طور پر مستفید ہونے کے لیےانضمام کیا جائے گا۔
منصوبہ میں شامل جامعات طالبعلموں کو تحقیق کے مواقع، سافٹ سکلز کی تربیت اور ملازمت کے حصول کے لیے مشاورت پر مبنی معاونت فراہم کریں گی۔دوسری جانب اس منصوبہ کے تحت صنعتی شعبہ کے تعاون سے افرادی قوت کی ضرورت سے ہم آہنگ تعلیمی تیاری پر توجہ دی جائے گی۔
اس موقع پر یو ایس ایڈ پاکستان کی مشن ڈائریکٹر جُولی کوئنین کا کہنا تھا کہ یو ایس ایڈ کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ اس منصوبہ میں تعاون کرنے پر فخر ہے۔ہائر ایجوکیشن سسٹم اسٹرینتھننگ ایکٹوٹی ( ایچ ای ایس ایس اے) کے تحت پاکستان میں ایسی مضبوط یونیورسٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو طالبعلموں کو مقامی منڈیوں میں ملازمت کے لئے بہتر انداز میں درکار تعلیم اور تحقیقی تجربات سے آراستہ کر سکیں۔
یہ منصوبہ ذہین نوجوان افراد کو ملازمت کی تلاش اور برسرروزگار بننے کے لئے درکار مہارتوں کے لیےتیارکرے گا۔ اس کے علاوہ بھرتیوں اور پیداوار میں اضافہ سے صنعتی شعبہ بھی مستفید ہوگا اور معاشی نمو میں مزید اضافہ ہوگا۔
ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر طارق بنیری نے اس موقع پر کہا کہ ایچ ای ایس ایس اے پروگرام جدت پر مبنی ایک کوشش ہے جس میں شامل یونیورسٹیوں کو اپنی ادارہ جاتی اور تکنیکی استعداد کار میں بہتری کے لئے قابل قدر معاونت میسر ہوگی اور مستقبل کے لئے اعلیٰ معیار کے حامل ماہرین کی کھیپ بھی تیار ہو گی۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ایچ ایس ایس اے میں شریک اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ساتھ امریکی یونیورسٹیوں کا اشتراک پالیسی سطح کی اصلاحات کا پیش خیمہ ثابت ہوگا اور پاکستان کی تمام جامعات اس کاوش سے مستفید ہوں گی۔