اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے سیر و سیاحت، پیٹرولیم، ٹیکسٹائل، آئی ٹی، اور خوراک کی درآمدات جیسے اہم شعبوں سے وابستہ اہم پاکستانی نژاد کاروباری رہنماؤں سے ملاقات کی۔
پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد سے جاری ہینڈ آئوٹ کے مطابق اس موقع پر بات چیت میں دو طرفہ تجارت، امریکہ اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعاون کا فروغ، باہمی ترقی اور سرمایہ کاری کے مواقع پر غور کیا گیا۔سفیر پاکستان نے ان کی تجاویز اور تحفظات کو سنا اور انہیں مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے تجارت اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے سرمایہ کاری اور شراکت داری کے مواقع کی تلاش جاری رکھنے کی ترغیب دی۔