واشنگٹن ۔ 23 جولائی (اے پی پی) امریکہ میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد41 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ملک کی مختلف ریاستوں میںاس مہلک وائرس کے باعث اب تک ایک لاکھ 46 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جمعرات کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ حکام کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کے فعال متاثرین کی تعداد20 لاکھ 12ہزار سے زائد ہے، ملک میں اب تک کورونا وائرس سے146183ہلاک ہوچکے ہیں۔ امریکی محکمہ صحت کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے کیسوں کی مجموعی تعداد 4100875 تک پہنچ گئی ہے۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد6 لاکھ 30 ہزار سے زائد ہے۔ کورونا کی وبا سے امریکہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ امریکہ کے علاوہ برازیل، بھارت، روس، جنوبی افریقہ، پیرو، میکسکو اور چلی میں لاکھوں افراد اس مہلک وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تشخیص اس سال 22 جنوری کو ہوئی تھی۔