امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد50 لاکھ 32 ہزار سے تجاوزکرگئی، ایک لاکھ 62 ہزار افراد ہلاک

87

واشنگٹن ۔ 7 اگست (اے پی پی) امریکہ میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد50 لاکھ32 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ملک کی مختلف ریاستوں میںاس مہلک وائرس کے باعث اب تک ایک لاکھ 62 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جمعہ کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک کی بعض ریاستوں میں کورونا وائرس کے مریضوں اور ہلاکتوں کی تعداد میں حالیہ دنوں میں اضافہ ہوا ہے۔ امریکہ میں اس وقت کورونا وائرس کے فعال متاثرین کی تعداد 2292707 ہے، ملک میں اب تک کورونا وائرس سے 162804افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ حکام کے مطابق ملک کی کئی ریاستوں میںکورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تشخیص اس سال 22 جنوری کو ہوئی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ امریکہ میں اب کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 5032179 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ادھر خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ امریکہ میں اس سال یکم دسمبر تک کورونا وائرس سے تقریبا تین لاکھ افراد لقمہ اجل بن سکتے ہیں۔ واشنگٹن یونیورسٹی کے اسکول آف میڈیسن ڈیپارٹمنٹ نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ میں دسمبر تک کورونا سے مرنے والوں کی تعداد تین لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔ تاہم ماسک پہننے اور جسمانی فاصلے جیسے دوسرے ضروری قواعد پر عمل کرنے کی صورت میں 70 ہزار لوگوں کی جان بچ سکتی ہے۔