واشنگٹن۔24دسمبر (اے پی پی):امریکہ میں مہلک کورونا وائرس سے بچاو کےلئے ویکسینیشن کا آغاز کے بعد اب تک کورونا سے متاثرہ10لاکھ افراد کو ویکسین لگادی گئی ہے۔ جمعرات کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ میں ایک ملین سے زیادہ افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین لگائی گئی ہے جو امریکی انتظامیہ کے اس سال کے آخر تک 20 ملین امریکیوں کو ویکسین لگانے کے ہدف سے بہت دور ہے۔ امریکی حکومت نے ملک میں ہنگامی استعمال کے لئے دو اقسام کی کوویڈ 19 ویکسین منظور کرلی ہیں۔ امریکہ کی بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے مراکز کے حکام نے بتایا کہ اب تک 1008025 افراد کو کورونا سے بچاو کی ویکسین لگائی گئی ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس کی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ89 لاکھ سے زیادہ ہے جبکہ ملک بھر میں وائرس سے اموات کی تعداد تین لاکھ34ہزار سے تجاور کرگئی ہے۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ 331 ملین امریکیوں کو محض چند ماہ میں ویکسین کی فراہمی کہیں زیادہ پیچیدہ معاملہ ہے۔ امریکی انتظامیہ اور ریاستی حکومتوں کو کافی مقدار میں ویکسین کی خوراک تیار کرنے کے علاوہ حفاظتی ٹیکے مکمل کرنے کے لئے بڑی تعداد میں سرنج اور بوتلیں درکار ہونگی جبکہ ہیلتھ ورکروں کو ویکسین کو سٹور کرنے اور مریضوں کو لگانے کیلئے تربیت کی ضرورت ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ فائزر کی ویکسین کو منفی 94 ڈگری فارن ہائیٹ پر سٹورکرنا ضروری ہے۔