واشنگٹن ۔ 20 اگست (اے پی پی) امریکہ کے 2016 ء کے انتخابات میں ووٹ نہ دینے والے 52 فیصد افراد نے نومبر2020 کے انتخابات میں ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جوبائیڈن کی حمایت کا اظہار کر دیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق جنوبی کیلی فورنیا کی یونیورسٹی ڈورنسف کالج آف لیٹرز، آرٹس اینڈ سائنسز کی جانب سے 3 نومبر کو ہونے والے انتخابات کے حوالے سے سروے کرا یا گیا جس کے مطابق 52 فیصد ایسے افراد نے رواں انتخابات میں ڈیموکریٹ امیدوار جوبائیڈن کی حمایت اور انہیں ووٹ دینے کا اعلان کیا جنہوں نے 2016 ء کے انتخابات میں کسی جماعت کو ووٹ نہیں دیا تھا۔ سروے کے دوران 32 فیصد افراد نے ریپبلیکن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کی جبکہ 16 فیصد افراد نے کہا کہ وہ رواں انتخابات میں کسی تیسری جماعت کے امیدوار کو ووٹ دیں گے۔ سروے کے مطابق جوبائیڈن کو صدر ٹرمپ کے مقابلے میں 11 فیصد مقبولیت حاصل ہے جبکہ 2016ء میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ووٹ دینے والے 88 فیصد افراد میں سے 9 فیصد نے جوبائیڈن کے حق اور 4 فیصد نے تیسری جماعت کے امیدوار کو ووٹ دینے کی حمایت کی۔