اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکہ نے خطے میں امن و امان کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا ہے، پاکستان اپنی ضرورت کے تحت، منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کے تدارک کیلئے اپنی حکمت عملی پر عمل درآمد جاری رکھے گا، یکم جولائی کو قومی سلامتی کے حوالے سے بریفنگ کیلئے اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے، بجٹ کی منظوری پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
منگل کو پارلیمنٹ گیلری میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ سب سے پہلے میں بجٹ کی منظوری پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ ایک ایسا بجٹ ہے جو عوام کی توقعات کے مطابق ہو گا اور پاکستان کو خوشحالی کی طرف مائل کریگا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ کل کے اجلاس میں ضمنی بجٹ سے متعلقہ امور شامل ہوں گے، کل کے اجلاس میں ہم وزیر اعظم عمران خان کے خیالات سے بھی مستفید ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یکم جولائی کو قومی سلامتی کے حوالے سے بریفنگ کیلئے اہم اجلاس طلب کیا ہے، اجلاس میں ہم پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی، پارلیمانی قائدین کو افغان امن عمل ، ہندوستان کے ساتھ معاملات اور خطے کی صورتحال کے حوالے سے مفصل بریفنگ دیں گے اور ان کے نکتہ نظر سے بھی مستفید ہوں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بجٹ پر بحث اچھے انداز میں ہوئی، کوئی ہنگامہ آرائی نہیں ہوئی، کٹ موشنز پر اپوزیشن کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کے جوابات دیئے گئے اور احسن انداز میں بجٹ پر ووٹنگ ہوئی، کل بھی انشاء اللہ اچھے ماحول کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ توقع کی جا رہی ہے کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کا اجلاس ہائبریڈ ہو اگر ایسا ہوا تو انشاء اللہ فزیکلی شریک ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ سید ذوالفقار علی بخاری کے حوالے سے سامنے آنے والی خبر کو بے معنی اور لغو جانتے ہوئے خود انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں مسترد کر دیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، اپنی ضرورت کے تحت، منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کے تدارک کیلئے اپنی حکمت عملی پر عمل درآمد جاری رکھے گا، امریکہ خطے میں امن و امان کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہ رہا ہے، امریکہ ایک اہم ملک ہے ہم چاہیں گے کہ امریکہ کے ساتھ ہمارے تعلقات اچھے رہیں۔