امریکہ کا فریقین پر جلد بین الافغان مذاکرات شروع کرنے پر زور

80

واشنگٹن ۔ 18 اگست (اے پی پی) امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد نے تمام افغان فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ بلا تاخیرجتناجلد ممکن ہو سکے بین الافغان مذاکرات شروع کریں۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کا یہ بیان بین الافغان مذاکرات کے لیے افغانستان کی مذاکراتی ٹیم کی خاتون رکن فوزیہ کوفی پر حال ہی میں ہونے والے حملے کے بعد سامنے آیا ہے۔زلمے خلیل زاد نے ایک ٹویٹ میں افغانستان کی مذاکراتی ٹیم کی رکن فوزیہ کوفی پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس حملے کو ان افراد کی بزدلانہ اور مجرمانہ کارروائی قراردیا ہے جو افغان امن عمل میں تاخیر کر کے اس کو سبوتاژکرنا چاہتے ہیں۔فوزیہ پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری کسی بھی گروہ یا شخص نے قبول نہیں کی۔ دوسری طرف طالبان نے اس حملے میں ملوث ہونے سے انکار کیا ہے۔امریکہ کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ وہ تمام فریقین جو امن چاہتے ہیں وہ اس حملے کی مذمت کریں بلکہ امن عمل کو تیز کرکے جتنا جلد ممکن ہو سکے بین الافغان مذاکرات شروع کریں۔