امریکہ کی پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے مزید 20 ملین ڈالر کی امداد

60
USAID
USAID

اسلام آباد۔9ستمبر (اے پی پی):امریکی ادارہ یو ایس ایڈ کے ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور نے پاکستان میں مون سون بارشوں کے نتیجے میں آنے والے شدید سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے 20 ملین ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے اثرات پورے پاکستان میں بڑے پیمانے پر محسوس کئے گئے ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق سیلاب سے 33 ملین لوگ متاثر ہوئے ہیں، تقریباً 1,400 اموات ہو چکی ہیں، اور 12,700 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ انفراسٹرکچر تباہ ہو گیا ہے، جس میں 1.7 ملین سے زیادہ مکانات، ایک اندازے کے مطابق 13.8 ملین ایکڑ کاشتکاری کی اراضی، ہزاروں میل سڑکیں اور سینکڑوں پل تباہ ہو گئے ہیں۔ یہ امداد ان تباہ کن سیلابوں سے متاثرہ پاکستانی عوام کی مدد کے لیے 30 ملین ڈالر کی گزشتہ ہفتے کی گئی امداد کے علاوہ ہے۔ 12 اگست کے بعد سے امریکہ نے پاکستان کے لوگوں کی مدد کے لیے 50.1 ملین ڈالر سے زیادہ کی آفات سے متعلق امداد فراہم کی ہے۔

ان اضافی فنڈز کے ساتھ، یو ایس ایڈ کے شراکت دار ہنگامی امدادی سامان، نقد امداد ،پناہ گاہوں ، ذریعہ معاش، لاجسٹکس، اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رسپانس کوآرڈینیشن سسٹم کی فراہمی جاری رکھیں گے۔ یوایس ایڈپانی، صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کی امداد کو پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے متوقع پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے احتیاطی اقدام کے طور پر بھی ترجیح دے گا۔ یو ایس ایڈنے ڈیزاسٹر اسسٹنس ریسپانس ٹیم کو بھی پاکستان میں امریکی حکومت کی انسانی امداد کی کوششوں کی قیادت کرنے کے لیے تعینات کیا ہے۔

یو ایس ایڈ کے آفات سے متعلق ماہرین پر مشتمل یہ ایلیٹ ٹیم نقصان کا جائزہ لے رہی ہے، ترجیحی ضروریات کی نشاندہی کر رہی ہے اور حکومت پاکستان اور انسانی ہمدردی کے شراکت داروں کے ساتھ ہم آہنگی کر رہی ہے۔ امریکہ پاکستان کو انسانی بنیادوں پر امداد دینے والا واحد سب سے بڑا ملک ہے۔ امریکہ کو پاکستان بھر میں سیلاب زدگان اور اپنے پیاروں، ذریعہ معاش اور گھروں کے نقصان پر بہت دکھ ہے۔ ہم اس مشکل وقت میں پاکستان میں کمیونٹیز کے ساتھ کھڑے ہیں اور ضرورت کے اس وقت میں ان کی مدد کرتے رہیں گے۔