امریکہ کے ڈپٹی چیف آف مشن کی وزارت خارجہ طلبی، امریکہ بھارت مشترکہ بیان کے حوالے سے ڈیمارش کیا گیا

375
دفتر خارجہ

اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):امریکہ کے ڈپٹی چیف آف مشن کو پیر کی شام وزارت خارجہ میں طلب کیا گیا اور انہیں 22 جون 2023 کو جاری ہونے والے امریکہ بھارت مشترکہ بیان کے حوالے سے ڈیمارش کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکہ بھارت مشترکہ بیان میں غیرضروری، یک طرفہ اور گمراہ کن حوالوں پر پاکستان کے تحفظات اور مایوسی سے امریکہ کو آگاہ کیا گیا۔

اس بات پر زور دیا گیا کہ امریکہ ایسے بیانات جاری کرنے سے گریز کرے جو پاکستان کے خلاف بھارت کے بے بنیاد اور سیاسی بیانیے کی حوصلہ افزائی کے طور پر سمجھے جائیں۔ اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان انسداد دہشت گردی کے شعبہ میں تعاون بہتر طور پر آگے بڑھ رہا ہے اور یہ کہ اعتماد اور افہام و تفہیم پر مرکوز ماحول پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔