واشنگٹن۔16نومبر (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے امریکی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی طلبہ کی تعداد میں اضافے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے لیے جاری کوششوں کے تحت موجودہ تعداد کو آئندہ 3 سالوں میں دوگنا کردیا جائے گا۔
پاکستانی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق مسعود خان نے کہا کہ مختلف امریکی تعلیمی اداروں میں پاکستانی طلبہ کی بڑھتی تعداد نہ صرف تعلیمی شعبے میں قریبی تعاون کی عکاسی کرتی ہے بلکہ مستقبل میں مضبوط دوطرفہ تعلقات کی ضمانت بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلبہ کو سائنس،ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی (ایس ٹی ای ایم) کے مضامین میں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے تاکہ وہ ان مضامین میں امریکی مہارت اور علم سے فائدہ اٹھا سکیں۔امریکی محکمہ خارجہ اور انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ایجوکیشن(آئی آئی ای) کی جانب سے امریکا میں زیر تعلیم بین الاقوامی طلبہ کے اعداد و شمار کے حوالے سے سالانہ’’اوپن ڈورز رپورٹ ‘‘جاری کر دی گئی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق امریکا میں زیرتعلیم پاکستانی طلبہ کی تعداد 23۔2022 میں 16 فیصد بڑھ کر 10ہزار 164 تک پہنچ گئی،یہ گزشتہ سال 8ہزار 772 تھی ۔