امریکی امداد رکنے سے لبنان میں ادارے کی سرگرمیوں پر اثر نہیں پڑے گا، انروا

121
UNRWA
UNRWA

اقوام متحدہ ۔30جنوری (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ادارہ برائے فلسطینی مہاجرین (انروا )نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اس کے فنڈز پر پابندی کے باوجود فلسطینیوں کی امداد جاری رہے گی۔ العربیہ کے مطابق یہ بات انروا کی لبنان کے لیے ڈائریکٹر ڈوروتھی کلائوس نے لبنان کے فیلڈ آفس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انروا کی امداد پر پابندی لگائی ہے اس کے باوجود لبنان میں فلسطینیوں کے لیے ادارے کی امداد ی سرگرمیوں پر اثر نہیں پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ لبنان میں فلسطینیوں کے لیے امریکاانروا کو پہلے ہی امداد نہیں دے رہا اس لیے اس کے امداد روکنے کے اعلان سے ادارے کا لبنان چیپٹر یا یہاں پر پناہ لیے ہوئے فلسطینی متاثر نہیں ہوں گے۔ ڈائریکٹر انروا نے کہا کہ لبنان میں ادارے کی سرگرمیوں پر اسرائیل کے نئے قانون کا بھی کوئی اثر نہیں ہوگا۔اسرائیل نے یہ قانون اکتوبر میں مغربی کنارے اور غزہ میں انروا کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے پارلیمان سے منظور کرایا تھا تاکہ اسے فلسطینیوں کی مدد سے مکمل طور پر روکا جا سکے۔

خیال رہے کہ انروا فلسطینی پناہ گزینوں کو تعلیم، صحت اور رہائش کے سلسلے میں امداد فراہم کرتا ہے۔ واضح رہے کہ امریکا نے انروا کی امداد مارچ 2025 سے بند کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ اسرائیل نے اس پر غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی امداد روکنے کے لیے مکمل پابندی لگا رکھی ہے۔