اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ امریکی انتخابات سر پر کھڑے ہیں، صاحب حیثیت پی ٹی آئی ووٹرز نے ارکان کانگریس کو پاکستان مخالف قرارداد پر آمادہ کیا ۔ امیدوار اپنے حلقے کے ووٹرز کی حمایت اور چندے کے لئے بھاگ دوڑ میں ہیں۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے اتوار کو ایکس پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان سے ہدایات پرایک منظم مہم کے ذریعے پی ٹی آئی کے امیر اور صاحب حیثیت ووٹرز نے پیسے اور اثرورسوخ کے زور پر انتخابات لڑنے والے موجودہ ارکان کانگریس کو پاکستان مخالف قرارداد پر آمادہ کیا ، اس کارروائی کے بعد پا کستان پر اقتصادی سمیت ہر طرح کی پابندیاں لگوانے کی ایک اور قرارداد پی ٹی آئی کا اگلا ہدف ہے۔