واشنگٹن۔25فروری (اے پی پی):امریکی صدر جو بائیڈن نے ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاو کے پیش نظر قومی ایمرجنسی کو بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ جمعرات کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس بات کا اعلان امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے وائٹ ہاوس سے جاری بیان میں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ13مارچ 2020 کو اعلان کردہ کورونا وائرس نیشنل ایمرجنسی کا نوٹس شائع کرنے کے لئے فیڈرل رجسٹر کو بھیج دیا ہے جو ملک میں یکم مارچ2021 کے بعد بھی موثر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایمرجنسی کے حالات کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے اور وفاقی حکومت کورونا وائرس کا مقابلہ اور پوری صلاحیت کے ساتھ جواب دینے کا پابند ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کی وبا سے اب تک پانچ لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس کی وبا سے امریکہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، ملک میں کورونا وائرس کے باعث اب تک مجموعی ہلاکتوں کی تعداد دنیا میں کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ ہے۔