19.9 C
Islamabad
جمعرات, اپریل 3, 2025
ہومقومی خبریںیو ایس آئی پی قونصلر فار سائوتھ ایشیا کا پاکستان میں حقوق...

یو ایس آئی پی قونصلر فار سائوتھ ایشیا کا پاکستان میں حقوق دانش بارے پالیسیوں، قوانین اور ضوابط کو بہتر بنانے کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ

- Advertisement -

اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):ملک میں حقوق ملکیت دانش کے فروغ کے لیے انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن پاکستان اور یو ایس آئی پی قونصلر فار سائوتھ ایشیا نے پاکستان میں حقوق دانش بارے پالیسیوں، قوانین اور ضوابط کو بہتر بنانے کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اس بات کا اعادہ اعلیٰ سطحی امریکی وفد کے آئی پی او پاکستان کےاسلام آباد میں صدر دفتر کے دورے کے دوران کیا گیا، یو ایس آئی پی قونصلر برائے جنوبی ایشیا جان کیبیکا کی سربراہی میں دورہ کرنے والے وفد میں ڈونگ ایون، زیک بیلی اور حمزہ خان شامل تھے۔

امریکی وفد نے چیئرمین آئی پی او فرخ امل سے ملاقات کی، اس موقع پر آئی پی او پاکستان کی ڈائریکٹر جنرل شازیہ عدنان اور سینئر مینجمنٹ بھی موجود تھی۔چیئرمین فرخ امل نے وفد کو آئی پی او پاکستان کی طرف سے حقوق ملکیت دانش کے قواعد و ضوابط (آئی پی آرز ) کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ آئی پی او پاکستان کو اس بات پر قوی یقین ہے کہ پیٹنٹ، ٹریڈ مارک اور کاپی رائٹس کا معاشی ترقی میں کلیدی کردار ہے اور اس سلسلے میں ملک میں آئی پی آر کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔

- Advertisement -

ملک میں آئی پی ٹربیونلز کے قیام کے حوالے سے چیئرمین فرخ امل نے امریکی وفد کو بتایا کہ کوئٹہ اور راولپنڈی میں دو نئے آئی پی ٹربیونلز قائم کیے گئے ہیں اور مزید دو کی منظوری دیدی گئی ہے۔امریکہ کی طرف سے آئی پی آرز کی بہتری اور ترقی کو سراہتے ہوئےفرخ امل نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ انٹلیکچوئل پراپرٹی آرگنائزیشن پاکستان آئی پی کے شعبہ میں امریکی تجربے اور مہارت سے استفادہ کرنا چاہے گا، پاکستان میں حقوق دانش کے بارے میں آگاہی کے فروغ کے لیے مفاہمت کی یادداشت جیسے بہترین روابط کو بروئے کار لایا جائے جس کے تحت مستقبل کالائحہ عمل ترتیب دیا جا سکتا ہے، اس سے مضبوط تجارتی تعلقات کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل آئی پی او پاکستان شازیہ عدنان نے بتایا کہ آئی پی او پاکستان کا مراکش معاہدہ سے الحاق بھی آخری مراحل میں ہے اور جلد ہی اس پر دستخط ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کاپی رائٹ بل 2023 میں ترامیم کے مسودے پر غور و فکر کے بعد اسے حتمی منظوری کے لیے جلد ہی پارلیمنٹ کو بھیجا جائے گا۔انہوں نے استعداد کار میں اضافہ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آئی پی اوپاکستان کو کاپی رائٹ ترمیم/معاہدوں کے بعد استعدادکارمیں اضافے کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔

آئی پی او پاکستان میں ٹریڈ مارک کے جائزہ کے بارے میں انہوں نے کہا کہ مواد کی مماثلت اور دھوکہ دہی کے لیے تشخیص کے معیار کو معیاری بنانے کے لیے تجزیاتی طریقہ کار وضع کرنے کی ضرورت ہے جس کا مقصد تجزیاتی عمل کو ہم آہنگ کرنا ہے۔ انہوں نے میڈرڈ تجزیہ کیلئے افسران کی استعداد کار بڑھانے کے لیے یو ایس پی ٹی او کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر جان کیبیکا نے کہا کہ وہ جنوبی ایشیا میں آئی پی سے متعلقہ ماہرین کی استعداد کار بڑھانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔پاکستان میں آئی پی انفورسمنٹ سسٹم کو مستحکم بنانے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ امریکی کمپنیاں پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے محفوظ مقام تصور کرتی ہیں۔

انہوں نے آئی پی او پاکستان کی طرف سے اختیار کردہ لائن آف ڈائریکشن پر اطمینان کا اظہار کیا اور چیئرمین فرخ امل اور ڈائریکٹر جنرل شازیہ عدنان کی تعریف کی۔انہوں نے ضرورت پڑنے پر پاکستان کو صلاحیت سازی کی تربیت اور تکنیکی مدد فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ جان کیبیکا نے آئی پی کے حقوق کے تحفظ اور نفاذ سے متعلق امور کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں متحرک آئی پی سسٹم کیلئے موثر آئی پی پالیسیوں کو اجاگر کرنا اور عوامی آگاہی کے پروگراموں کا انعقاد کرنا چاہتے ہیں۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415041

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں