انقرہ ۔6جولائی (اے پی پی):ترک صدر رجب طیب اردوگان نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ ترکیہ کو امریکی ایف-35 پروگرام میں دوبارہ شامل کیا جائے گا اورسٹیلتھ لڑاکا طیارے حاصل کیے جائیں گے۔
ترک کی سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو کے مطابق ترک صدر نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ جناب ٹرمپ ہم سے کیے گئے معاہدے کے وفادار رہیں گے۔ میرے خیال میں ان کی مدت کے دوران ایف-35 طیارے ترکیہ کو مرحلہ وار فراہم کر دئیے جائیں گے۔
انہوں نے معاہدے کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں لیکن کہا، یہ اقدام "جغرافیائی اقتصادی انقلاب کا حصہ ہے۔انہوں نے مزید کہاایف-35 نہ صرف ہمارے لیے فوجی ٹیکنالوجی کا مسئلہ ہے بلکہ یہ نیٹو جیسے بین الاقوامی پلیٹ فارمز میں ایک مضبوط شراکت داری کا مسئلہ ہے۔
واضح رہے امریکا نے 2019 میں ترکیہ کو اپنے ایف-35 پروگرام سے باہر کر دیا تھا اور ایک سال بعد انقرہ پر زمین سے فضا میں مار کرنے والے ایس-400 روسی میزائل دفاعی نظام کی خریداری پر پابندیاں عائد کر دی تھیں لیکن ڈونلڈ ٹرمپ کی واپسی کے بعد سے نیٹو کے دونوں اتحادی اس تنازع کو ختم کرنے کے خواہاں نظر آتے ہیں۔