واشنگٹن۔20اکتوبر (اے پی پی):امریکی حکام نے ایران پر اسرئیلی حملے بارے انتہائی خفیہ انٹیلی جنس رپورٹس کے آن لائن لیک ہونے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے 16اکتوبر کو ایران پر حملے کی پوری تیاری کر رکھی تھی تاہم یہ حملہ نہیں ہو سکا۔ اسرائیلی وزیراعظم نے یکم اکتوبر کو اسرائیل پر ایران کے میزائل حملے کا جواب دینے کا اعلان کر رکھا تھا۔ آن لائن جاری ہو نے والی دو دستاویزات میں سے ایک بظاہر پینٹاگون کی نیشنل جیو اسپیشل انٹیلی جنس ایجنسی کی طرف سے تیار کی گئی ہے۔
اس رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اسرائیل کی مسلح افواج نے 16 اکتوبر کو تقریباً یقینی طور پرایران پر حملے کے لیے اہم ہتھیار جمع اور ڈرون کی خفیہ پروازیں کی تھیں۔دوسری دستاویز کے مطابق 15اور 16 اکتوبر کو اسرائیلی فضائیہ نے بڑے پیمانے پر جنگی مشقیں کیں۔امریکی حکام نے ان خفیہ دستاویزات کے لیک ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔