امریکی حکومت کا یو ایس ایڈکے توسط سے پاکستان میں بجلی کے شعبہ کی بہتری کے لئے 2کروڑ 35لاکھ ڈالر کی لاگت کے چار سالہ منصوبہ کا آغاز

51
USAID Workshop for Promotion
USAID Workshop for Promotion

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):ریاست ہائے متحدہ امریکہ کی حکومت نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کے توسط سے پاکستان میں بجلی کے شعبہ کی بہتری کے لئے 2کروڑ 35لاکھ ڈالر کی لاگت کے ایک چار سالہ منصوبہ کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنا اور شفاف ذرائع سے توانائی کے حُصول میں اضافہ کرنا ہے۔

جمعہ کو یہاں امریکی سفارتخانہ سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق منصوبہ کے تحت بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کا انتظام و انصرام اور روانی بہتر بنانے کے لیے سرکاری اور نجی شعبہ کو تکنیکی معاونت فراہم کی جائے گی جس کے نتیجہ میں پاکستان میں توانائی کا شعبہ باکفایت اور مستحکم جبکہ نرخ سستے ہوں گے۔

اس موقع پر منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یو ایس ایڈ پاکستان کی مشن ڈائریکٹر جولی اے کوئنن نے کہا کہ امریکہ مسقبل میں بجلی کی پیداوار کے شعبہ کو شفاف، موثر اور پائیدارخُطوط پر اُستوار کرنے کے سلسلہ میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے، جو کہ پائیدار اور مشترکہ ترقی کا سنگ بنیاد ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس نئی سرگرمی کے ذریعہ یو ایس ایڈ،حکومت پاکستان کی جانب سے ملک میں حقیقی مسابقتی ہول سیل پاور مارکیٹ کے قیام کی کوششوں کی حمایت کرے گا۔ یہ قدم توانائی کے شعبہ میں بلا روک ٹوک اور شفاف نجی سرمایہ کاری کا پیش خیمہ ثابت ہوگا ، جو کہ توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کے ہمارے مشترکہ اہداف کے لئے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

تقریب کے دوران پرائیویٹ پاور انفراسٹرکچر بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر شاہ جہاں مرزا نے یو ایس ایڈ کی مضبوط شراکت داری اور اختراع کے ساتھ پاکستان میں توانائی کے شعبہ کو شفاف ذرائع پر منتقل کرنے میں معاونت کوسراہتے ہوئے اُمیدظاہر کی کہ مُلک میں توانائی کے شعبہ کی کارکردگی میں اصلاحات کی خاطر یہ اشتراک جاری رہے گا۔