ہیوسٹن۔5ستمبر (اے پی پی):ہیوسٹن امریکی خاتون اول جِل بائیڈن کا کووڈ ۔ 19ٹیسٹ مثبت آگیا۔ خاتون اول کی کمیونیکیشن ڈائریکٹر الزبتھ الیگزینڈر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق جل بائیڈن فی الحال صرف ہلکی علامات کا سامنا کر رہی ہیں۔
وہ ریہوبوتھ بیچ، ڈیلاویئر میں اپنے گھر پر رہیں گی۔ وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کرائن جین پیئر کے مطابق جل بائیڈن کے مثبت ٹیسٹ کے بعد صدر جو بائیڈن کا بھی ٹیسٹ کرایا گیا جو منفی آیا ہے ۔
وائٹ ہاؤس نے مزید کہا کہ اس کے باوجود رواں ہفتے کے دوران صدر کی صحت اور کووڈ۔19 کی علامات کے حوالے سے باقاعدگی سے نگرانی کی جائے گی۔72 سالہ خاتون اول گزشتہ سال اگست میں جنوبی کیرولائنا میں تعطیلات کے دوران کووڈ۔19 میں مبتلا ہو چکی ہیں جبکہ صدر بائیڈن کا گزشتہ سال جولائی میں کووڈ۔19 ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔