
اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ سمندر پار بسنے والے کشمیری اور پاکستانی کشمیر کازکا ہراول دستہ ہیں، امریکہ، کینیڈا اور نارتھ امریکہ کے دوسرے خطوں میں آباد تارکین وطن نے اراکین پارلیمنٹ، میڈیا اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کی قابض فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالیوں کو بے نقاب کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کینیڈا پاکستان گلوبل کانگریس کے صدر ظفر چوہدری کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ ہم بیرون ملک آباد اُن کشمیریوں اور پاکستانیوں کے خاص طور پر شکر گزار ہیں جنہوں نے تحریک آزادی اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کا سفیر بن کر دن رات محنت کی اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کو پوری جرات سے بے نقاب کیا۔
مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ اگست 2019ء کے بعد 600سے زیادہ دن گزرنے کے باوجود پورا مقبوضہ خطہ بھارتی فوج کے محاصرے میں ہے اور کشمیریوں کو اُن کے گھروں کی چار دیواری تک محدود کر دیا گیا ہے جبکہ مواصلاتی رابطوں میں طرح طرح کی بندشوں کی وجہ سے کشمیری دنیا سے عملاً کٹ کر رہ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت اور پاکستان کی افواج کے درمیان فائر بندی کے باوجود بھارت کی نو لاکھ فوج کشمیریوں کو قتل، زخمی، معذور کرنے میں مصروف ہےاور بھارت ان جابرانہ اقدامات کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو گرفتاراور انہیں جیلوں میں بغیر مقدمہ چلائے بند رکھنے کی پالیسی اپنائے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حقیقت کے باوجود کہ دنیا کے طاقتور اور بااثر ممالک مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم پر خاموش ہیں ، اراکین پارلیمنٹ، سول سوسائٹی اور ذرائع ابلاغ ان مظالم کے خلاف تسلسل کے ساتھ لکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کینیڈا پاکستان گلوبل کانگریس کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس تنظیم نے ٹورنٹو اور کینیڈا کے دوسرے علاقوں میں کشمیر کاز کے لئے شاندار خدمات انجام دی ہیں۔
صدر آزادکشمیر نے کہا کہ اس تنظیم نے بیرون ملک آباد کشمیریوں کا نمائندہ بن کر جو کردار ادا کیا ہم انہیں اس پرخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے متعلقہ ممالک میں تحریک آزادی کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے کوششیں جاری رکھیں۔
قبل ازیں کینیڈین وفد کے سربراہ ظفر چوہدری نے صدر ریاست کو بتایا کہ اُن کی تنظیم کنیڈین پارلیمنٹ کے رکن سکاٹ ڈیول، انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے اراکین اور دوسرے رہنماؤں کے ساتھ قریبی روابط بڑھا کر کشمیر کاز کو آگے بڑھا رہی ہے۔