تہران ۔18مارچ (اے پی پی):ایران نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خط کی جانچ کے بعد اس کا جواب دیں گے۔ العربیہ کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ان کا ملک امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خط کی پوری جانچ پڑتال کے بعد اس کا جواب دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم امریکی خط کا متن اعلانیہ طور پر میڈیا میں نشر کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے ، ڈونلڈ ٹرمپ کا خط ان کے بیانات سے زیادہ مختلف نہیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس حوالے سے میڈیا میں جو کچھ نشر کیا گیا اس میں زیادہ تر قیاس آرائی ہے جو کسی ٹھوس بنیاد پر نہیں۔
یمن میں حوثیوں پر امریکی فوجی حملے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ افسوس کی بات ہے کہ یہ اپنی نوعیت کی پہلی کارروائی نہیں، یہ یقینا ایک قابل مذمت جرم ہے جو اقوام متحدہ کے منشور کے تمام بنیادی اصولوں اور معیاروں کے علاوہ بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے، یہ امریکا کی طویل مدت پالیسی کے سیاق میں ہے، بد قسمتی سے اس پالیسی میں ہمیشہ متاثرین اور مجرموں کو غلط ملط کر دیا جاتا ہے۔
ترجمان نے خبردار کیا کہ ہماری سرزمین کی وحدت یا سلامتی یا ہمارے قومی مفادات کو نشانہ بنانے کی کسی بھی کارروائی کا ہماری طرف سے بھرپور اور پوری طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573701