امریکی رکن کانگریس الیگزینڈر گرین کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرنے پر ستارہ الخدمت حاصل

187
Alexander Green
Alexander Green

واشنگٹن۔10ستمبر (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی کانگریس کے رکن الیگزینڈر گرین کو دونوں کے درمیان سفارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے اور اسلامو فوبیا سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرنے پر اہم اعزاز ستارہ خدمت سے نوازا ۔ انہیں یہ ایوارڈ پاکستانی سفارتخانے میں گزشتہ روز منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں دیا گیا ۔ تقریب میں رکن کانگریس رینڈی ویبر، رکن کانگریس ہنری کیولر، سابق رکن کانگریس نک لیمپسن، ٹیکساس سٹیٹ کے نمائندہ سلیمان لالانی،ٹیکساس اور واشنگٹن میٹروپولیٹن ایریا سے سفارت کاروں اور ممتاز شخصیات ،پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے ارکان نے شرکت کی۔

پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم یہاں ایک غیر معمولی شخصیت کی خدمات کو تسلیم کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں جن کی شراکت نے پاکستان اور امریکا کے درمیان دوستی کو نمایاں طور پر مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف فورمز پر پاکستان کے مثبت تاثر کو فروغ دینے کے لیے آپ کی انتھک کوششوں نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے 2022 میں تباہ کن سیلاب کے دوران امریکی رکن کانگریس الیگزینڈر گرین کے دورہ پاکستان کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نےپاکستانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے نہ صرف پاکستان کا دورہ کیا بلکہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے سلسلے میں امریکی کانگریس میں بروقت امداد کی حمایت بھی کی ۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ اس وقت سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لئے امیر ممالک کو قدم بڑھانے اور عالمی سطح پر کاربن گیسوں کے اخراج میں پاکستان کے کم سے کم کردار کو دیکھتے ہوئے آپ کی طرف سے عالمی سطح پر انصاف اور مساوات کے مطالبے سے حقیقی تشویش کا اظہار ہوتا ہے ۔ اس موقع پر امریکی رکن کانگریس الیگزینڈر گرین نے اس اعزاز کے لیے پاکستان کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسے دو عظیم قوموں کے درمیان دوستی کا ہاتھ بڑھانے کا تسلسل سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان گیا کیونکہ پاکستان میں ضرورت تھی۔ میں اس لیے گیا کیونکہ پاکستان کے لوگ، جنہیں میں اپنے خاندان کا حصہ سمجھتا ہوں، تکلیف میں تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستانی عوام اور امریکاکے لوگوں کے درمیان کسی بھی قسم کی دوری نہیں ڈالنی چاہئیں۔ ہمارے درمیان کوئی دوریاں نہیں اور نہ ہی ہم اس کی اجازت نہیں دے سکتے،ہم میں بہت زیادہ مشترکات ہیں اور ایک دوسرے کے لیے ہماری ضروریات بہت زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے عوام کے درمیان تعلقات استوار کرنا جاری رکھیں گے اور یہ کہ میں ایک بار پھر پاکستان آنے کے لیے بے چین ہوں۔ پاکستانی سفیر نے خطے میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے رکن کانگریس الیگزینڈر گرین کی گرانقدر خدمات اور پاکستان انڈیورنگ اسسٹنس اینڈ کوآپریشن انہانسمنٹ ( پی ای اے سی ای) ایکٹ 2009 جیسے اہم قانون سازی کے اقدامات کے لیے ان کی حمایت کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکاکے درمیان مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور مشترکہ نظریات پر مبنی دیرینہ تعلقات ہیں، انہوں نے اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے سات دہائیوں سے زائد عرصے سے امن کو فروغ دینے، اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے متعدد محاذوں ،دہشت گردی اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تعاون کیا ہے۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ ہماری شراکت داری کی مضبوطی عوام سے عوام کے درمیان مضبوط روابط میں ہے اور رکن کانگریس الیگزینڈر گرین نے اس اہم بندھن کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔