واشنگٹن۔26مئی (اے پی پی):امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا کے ساحلی شہر لٹل ریور میں میموریل ڈے پر فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 11 افراد زخمی ہو گئے۔یہ تقریب جنگوں میں مارے جانے والے امریکی فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مئی کے آخری پیر کو منائی جاتی ہے۔
ہوری کاؤنٹی پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ لٹل ریورکے واٹسن ایونیو پر پیش آیا۔ پولیس کی جانب سے جاری سوشل میڈیا پوسٹ کے مطابق مزید متاثرین کےنجی گاڑیوں میں ہسپتالوں میں لائے جانے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔جائے وقوعہ کی فوٹیج میں پولیس کی متعدد کاروں اور ایمبولینسز کو علاقے کے اندر اور باہر جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ جنوبی کیرولائنا میں لٹل ریور انٹرا کوسٹل واٹر وے کے قریب ایک رہائشی علاقہ ہے اور یہ مرٹل بیچ سے تقریباً 20 میل شمال مشرق میں واقع ہے۔
ہوری پولیس نے فائرنگ کو انفرادی واقعہ قرار دیا ہے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعہ کی تفتیش جاری ہے۔پولیس نے علاقہ مکینوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ فائرنگ کے علاقے سے دور رہیں اور واقعہ کی تفتیش میں تعاون کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=601319