امریکی ریاست ٹیکساس میں سیلاب کے دوران لاپتہ افراد کی تعداد بڑھ کر 161 ہو گئی

45
Floods in the US state of Texas
Floods in the US state of Texas

واشنگٹن ۔9جولائی (اے پی پی):امریکی ریاست ٹیکساس میں سیلاب کے باعث اموات جبکہ لاپتہ افراد کی تعداد بڑھ کر 161 ہو گئی۔ اے ایف پی کے مطابق گورنر گریگ ایبٹ نے خبردار کیا ہے کہ لاپتہ افراد کی فہرست مزید طویل ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف کیر کاؤنٹی میں 161 افراد لاپتہ ہیں،اس فہرست میں مزید افراد شامل ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ اعداد و شمار دوستوں، رشتہ داروں اور پڑوسیوں کی جانب سے لاپتہ افراد کی رپورٹنگ پر مبنی ہیں۔کیر کاؤنٹی جو وسطی ٹیکساس کے فلیش فلڈ ایلی کے نام سے مشہور علاقے میں واقع ہے، سب سے زیادہ متاثر ہوا، جہاں94 اموات ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منگل کی شام تک پانچ کیمپ میں مقیم لڑکیاں اور ایک مشیر اب بھی لاپتہ تھے، اس کے علاوہ ایک اور بچہ جو کیمپ سے وابستہ نہیں تھا وہ بھی لاپتہ ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے دلوں اور ذہنوں میں اس کمیونٹی کے لوگوں سے بڑھ کر کچھ اہم نہیں، خاص طور پر وہ جو اب بھی لاپتہ ہیں۔ریاست کے دیگر علاقوں میں اب تک15 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔

ٹیکساس گیم وارڈنز کے بین بیکر نے کہا کہ ہیلی کاپٹرز، ڈرونز اور کتوں کی مدد سے جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں پانی اور کیچڑ کے باعث مشکل ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران ملبے کے بڑے ڈھیر راستے میں رکاوٹ بن جاتے ہیں، ان میں گہرائی تک جانا بہت خطرناک ہوتا ہے، یہ انتہائی مشکل اور وقت طلب ہے، پانی ابھی تک موجود ہے۔