امریکی ریاست پنسلوانیا میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ، 5 افراد زخمی

82

واشنگٹن۔10مارچ (اے پی پی):امریکی ریاست پنسلوانیا کی لنکاسٹر کاؤنٹی کی مینہیم ٹاؤن شپ میں پارکنگ میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیاجس سے طیارے میں سوار تمام 5افراد زخمی ہو گئے۔ شنہوا کے مطابق مینہیم ٹاؤن شپ فائر ڈیپارٹمنٹ کے ایک اہلکار نے گزشتہ شام پریس کانفرنس میں بتایا کہ طیارہ لنکاسٹر ایئرپورٹ کے جنوب میں سپرنگ فیلڈ، اوہائیو کے لئے روانہ ہونے کے فوری بعد مینہیم ٹاؤن شپ میں بریتھرن ولیج کی پارکنگ میں حادثے کا شکار ہو گیا۔

جہاز میں سوار تمام5افراد زخمی ہوگئےجنہیں مقامی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ حادثے کے باعث زمین پر کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حادثے سے پارکنگ میں موجود ایک درجن کے قریب گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔

جائے وقوعہ سے ملنے والی فوٹیج میں ملبے سے کالا دھواں اٹھتا دکھائی دے رہا ہے، جس میں متعدد گاڑیاں آگ کی لپیٹ میں ہیں۔ حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ۔ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے کہا کہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔