امریکی سرمایہ کاروں نے پاکستان کی فرنیچر انڈسٹری میں نجی شعبے کے ساتھ مشترکہ منصوبوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے، میاں کاشف اشفاق

127
Mian Kashif Ashfaq

لاہور۔12مارچ (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ امریکی سرمایہ کاروں نے پاکستان کی فرنیچر انڈسٹری میں نجی شعبے کے ساتھ مشترکہ منصوبوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے، پی ایف سی کا ایک اعلی سطح کا وفد اس کے سی ای او کی قیادت میں امریکہ کے ایک ہفتے کے دورے پر ہے اور وہ نئی منڈیوں کی تلاش اور دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ملاقاتیں کر رہا ہے۔

اتوار کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں کا شف اشفاق نے کہا کہ وفد اپنے ہم منصبوں کے ساتھ کامیاب اور نتائج پر مبنی ملاقاتیں کر رہا ہے اور امریکی ہم منصب پاکستان کا دورہ کرنے اور فرنیچر کی صنعت میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت مارکیٹ میں بہتری کے رجحان کی وجہ سے فرنیچر کی برآمدات میں اضافے کی وسیع گنجائش موجود ہے اور مقامی صارفین کے ساتھ ساتھ امریکی اور یورپی منڈیوں میں بھی فرنیچر اور لکڑی کی مصنوعات کی مانگ بڑھ رہی ہے۔ کاشف اشفاق نے کہا کہ ہم بڑھتی ہوئی عالمی طلب کے مطابق فرنیچر کی برآمدات کو بڑھانے کے لیے خصوصی کوششیں کر رہے ہیں جبکہ وفد اس شعبے میں جدید ترین مصنوعات اور ٹیکنالوجی کے بارے میں بھی سٹڈی کر رہا ہے۔

پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ اس طرح کے کاروباری دورے پاکستانی فرنیچر مینوفیکچررز کے لیے بین الاقوامی مارکیٹوں میں سالانہ ایک بلین ڈالر سے زائد کے برآمدی ہدف کو حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، پاکستان کے لکڑی کے فرنیچر کے بڑے خریداروں میں برطانیہ، امریکہ، سری لنکا ، خلیجی ممالک متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، عمان اور کویت شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ زیادہ تر بیڈروم فرنیچر جبکہ برطانیہ اور خلیجی ممالک کچن اور آفس فرنیچر درآمد کرتے ہیں۔