امریکی سفارتخانے نے اے ڈبلیو ای پروگرام کے چوتھے پاکستانی گروپ کا آغاز کردیا،150 کاروباری خواتین کوبا اختیار بنانے کا عزم

106
American Embassy
American Embassy

اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):پاکستان میں امریکی سفارت خانہ نے نیشنل لائبریری آف پاکستان کے لنکن ریڈنگ لائو نج میں اکیڈمی فار ویمن انٹرپرینیورز (اے ڈبلیو ای) پروگرام کے چوتھے پاکستانی گروپ کا آغاز کردیا ہے۔ پبلک افیئرز کی منسٹر کونسلر بیٹینا میلون نے رواں سال اکیڈمی فار ویمن انٹرپرینیورز کے گروپ کا آغاز کیاجو لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور کراچی سے تعلق رکھنے والے 150 شرکا کو بااختیار بنانے کے لئے پر عزم ہے۔ اے ڈبلیو ای پروگرام ایک انٹرپرینیورشپ پروگرام ہے جس میں پیئر ٹو پیئر لرننگ اور لوکل مینٹورشپ شامل ہے، تاکہ شرکا کو اپنا کاروبار بنانے اور جدید پیمانے کے مواقع تلاش کرنے میں مدد مل سکے۔

عالمی سطح پر امریکی محکمہ خارجہ کا یہ تربیتی پروگرام دنیا بھر میں خواتین کو اپنے کاروبار کے قیام میں مدد فراہم کرتا ہے، پبلک پرائیویٹ اسپانسرز، مقامی شراکت داریوں اور یو ایس ایکسچینج ایلومنی نیٹ ورکس کی طاقت کو بروئے کار لاتے ہوئے ان کے کاروبار کو ترقی دینے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ اے ڈبلیو ای100 سے زائد ممالک میں برادریوں میں خوشحالی کو فروغ دے رہا ہے۔ پاکستان میں یہ پروگرام خواتین کو بااختیار بنا رہا ہے تاکہ وہ اپنی معاشی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں اور سب کے لیے خوشحالی میں اضافہ کر سکیں۔اپنے خطاب کے دوران امریکی سفارتخانہ کی منسٹر کونسلر بیٹینا میلون نے کاروباری خواتین کی معاونت کرنے کی ضرورت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جب خواتین کامیاب ہوتی ہیں تو معاشرے اور ممالک پھلتے پھولتے ہیں۔

اے ڈبلیو ای 2024 کے 150 شرکا قائم شدہ پاکستانی کاروباری اداروں کی رہنمائی کیساتھ ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی کے تھنڈر برڈ اسکول آف گلوبل مینجمنٹ اور امریکی قدرتی وسائل کی کمپنی فری پورٹ میک مورن کی جانب سے تیار کردہ تین ماہ کے آن لائن تربیتی پروگرام کا آغاز کریں گے۔ اے ڈبلیو ای کے ذریعے، شرکا بنیادی کاروباری مہارتیں سیکھتے ہیں اور تجربہ کار مقامی سرپرستوں اور امریکی ماہرین کے ساتھ جو کچھ سیکھ رہے ہیں اس پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے ہفتہ وار ملاقات کرتے ہیں۔

اے ڈبلیو ای کو کاروباری معلومات کو فروغ دینے ، خواتین کاروباری افراد کو فنڈنگ کے مواقع سے منسلک کرنے ، کاروبار کی توسیع کے مواقع کو فروغ دینے اور کاروباری کامیابی کے امکانات کو بڑھانے میں مدد کرنے کے لئے تیار کیا گیا ہے۔ لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور کراچی میں پاکستان کے لنکن کارنر میں امریکی مشن کے پانچ اہلکار پاکستان امریکن کلچرل سینٹر کے تعاون سے اے ڈبلیو ای پاکستان 2024 کی قیادت کریں گے۔

اے ڈبلیو ای کے سفر کے اختتام پر شرکا کو اپنے کاروباری اداروں کو مزید فروغ دینے یا قائم کرنے کے لیے پاکستان میں امریکی مشن سے ابتدائی فنڈنگ کے لیے مقابلہ کرنے کا موقع ملے گا۔ تکمیل کے بعد، شرکا عالمی اے ڈبلیو ای نیٹ ورک اور امریکی ایکسچینج پروگرام کے سابق طالب علموں کی کمیونٹی میں شامل ہوجائیں گے، جس سے انہیں مزید ترقی کے مواقع میسر آئیں گے۔