28.2 C
Islamabad
جمعہ, اپریل 4, 2025
ہومقومی خبریںامریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور کے...

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور کے دفتر کا دورہ

- Advertisement -

اسلام آباد۔27نومبر (اے پی پی):پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے پیر کو حیات آباد میں واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کے دفتر کا دورہ کیا اور امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کی معاونت سے پایہ تکمیل تک پہنچنے والے میونسپل خدمات برائے خیبر پختونخوا پروگرام کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ سے جاری بیان کے مطابق چار کروڑ چھیالیس لاکھ ڈالر کی لاگت سے بارہ سال کے عرصہ میں مکمل ہونے والے اس منصوبہ سےخیبر پختونخوا کے لاکھوں شہریوں کو پینے کے صاف پانی، نکاسی آب اور صفائی تک محفوظ، قابل اعتماد اور بہتر رسائی میسر ہوئی ہے۔

منصوبہ کے ثمرات میں پینے کے صاف پانی کی ایک سو چالیس سہولیات کی بحالی شامل ہے جن سے چار لاکھ اڑتالیس ہزار لوگ مستفید ہورہے ہیں۔ علاوہ ازیں 21 یونین کونسلوں میں پانی کی 25 ہزار 7 سو پرانی اور زنگ آلود لائنوں کی تبدیلی سے بھی صاف پانی کی قابل اعتماد ترسیل یقینی بنائی جا چکی ہے۔بیان کے مطابق اسی طرح نکاسی آب کی لائنوں سے سترہ لاکھ افراد کے لیے صفائی کی سہولتوں میں بہتری آئی ہے، کچرا جمع کرنے اور ٹھکانے لگانے کا نظام بھی بہتر ہوا ہے، پانی کے انتظام و انصرام میں بہتری میں پانچ سو پچھتر گاڑیوں کی فراہمی اور کچرا ٹھکانے لگانے والی گاڑیوں کی مرمت کی ورکشاپ کا قیام بھی شامل ہے۔

- Advertisement -

اس موقع پر سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ شہری خدمات کے اس منصوبے سے پشاور کے شہری علاقوں میں لگ بھگ انیس لاکھ شہریوں کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں جن میں صفائی کی صورتحال میں بہتری، شہری علاقوں میں سیلاب کے امکانات میں کمی اور ماحولیاتی تحفظ کی بہتر کوششیں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یو ایس ایڈ اور خیبر پختونخوا حکومت بالخصوص مقامی حکومتوں کے انتخابات اور دیہی ترقی کے اداروں کے درمیان اشتراک کار پر فخر ہے جن کی کاوشوں سے یہ منصوبہ کامیابی سے مکمل ہوا۔ واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں میونسپل خدمات کی بہتری کا منصوبہ پاکستانی عوام کے ساتھ امریکہ کے مضبوط اور پائیدار عزم کی عکاسی ہے،

جس میں فلاح عامہ ،وسیع تر مستحکم معاشی ترقی اور پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی شامل ہے۔ میونسپل خدمات کے علاوہ امریکہ نے یو ایس ایڈ کے توسط سے خیبر پختونخوا میں قدرتی اور مصنوعی آفات سےنقصان سے دوچار ہونے والے بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر نو کے سلسلہ میں شراکت داری کی ہے۔ یو ایس ایڈ صوبہ بھر میں بنیادی صحت، خواتین کی تعلیم اور معاشی مواقع کی فراہمی کے سلسلہ میں بھی تعاون کرتا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=414601

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں