امریکی سینیٹ کا ہنگامی اجلاس بلانے کے لئے ڈیموکریٹ اراکین کی درخواست

190

واشنگٹن ۔ 6 اگست (اے پی پی) امریکا میں 24 گھنٹے کے اندر اندر فائرنگ کے دو بڑے واقعات میں درجنوں افراد کی ہلاکت کے بعد ڈیموکریٹ ارکان نے سینیٹ کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔سینیٹ میں ڈیموکریٹ ارکان نے ریپبلیکن کے اکثریتی دھڑے کے لیڈر میچ میک کانال سے کہا ہے کہ وہ ٹیکساس اور اوہائیو ریاستوں میں فائرنگ کے حالیہ خونریز واقعات کا جائزہ لینے کے لئے ہنگامی اجلاس منعقد کریں۔امریکی ڈیموکریٹ اراکین کانگریس کا کہنا ہے کہ سینیٹ کو چاہئے کہ ہنگامی اجلاس منعقد کرکے اسلحہ کی خریداری سے قبل خریدار کے کرمنل ریکارڈ کی تحقیقات کا قانون پاس کرے۔ یہ بل ایوان نمائندگان میں، جہاں ڈیموکریٹس کی اکثریت ہے، پہلے ہی پاس ہو چکا ہے۔ امریکی ریاستوں ٹیکساس اور اوہائیو میں ہفتے سے لے کر ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات تک فائرنگ کے دو بڑے واقعات میں مجموعی طور پر30 افراد ہلاک اور50 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔