واشنگٹن۔20فروری (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاہے کہ صدارتی انتخاب میں ان کی کامیابی نے تیسری جنگ عظیم کو ٹال دیا ہے ،انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر سابق نائب صدر کملا ہیرس کامیاب ہو جاتیں تو ایک سال کے اندر تیسری عالمی جنگ شروع ہو سکتی تھی۔
رشیا ٹوڈے کے مطابق میامی بیچ میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو انسٹی ٹیوٹ کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ اور یوکرین کے تنازعات کو حل کرنا ان کی خارجہ پالیسی کے اہم مقاصد ہیں۔انہوں نے سامعین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تیسری جنگ عظیم میں کسی کے لئے کوئی فائدہ نہیں اور اگر سابق امریکی انتظامیہ ایک سال اور اقتدار میں رہتی تو آپ تیسری جنگ عظیم کے دور میں داخل ہو چکے ہوتے لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں ہفتے کےآغاز میں سعودی عرب میں امریکی اور روسی حکام کے درمیان یوکرین میں جنگ بندی کے حوالے سے مذاکرات کو انتہائی کامیاب قرار دیا اور ان میں سہولت کاری پر سعودی عرب کے کردار کو بھی سراہا۔
یوکرین کے صدر کی طرف سے ان مذاکرات میں ان کو شامل نہ کرنے پر احتجاج کےردعمل میں امریکی صدر نے انہیں غیرمنتخب ڈکٹیٹر قرار دیتے ہوئے ان پر روس کے ساتھ سفارتی حل تلاش کرنے کے بجائے امریکی وسائل کو ضائع کر نے کا الزام عائد کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=563968