واشنگٹن۔13اپریل (اے پی پی):امریکی صدر جوبائیڈن نے رمضان المبارک کے آغاز پر امریکا اور دنیا بھرکے مسلمانوں کومبارک باد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔رمضان المبارک کے آغاز پر دنیا بھ کے مسلمانوں کے نام اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ امریکا میں جیسا کہ رمضان المبارک کا آغاز ہو گیا ہے اور کئی مسلمان ساتھیوں اور خاندانوں نے رواں سال کورونا وائرس کے باعث اپنے پیاروں کو کھو دی، اس رمضان وہ افطار پر اپنے پیاروں کو یاد کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور دنیا بھر میں مسلمان برادری نئی امید کے ساتھ اس رمضان کا آغاز کریں گے اور دوسروں کی خدمت کے لئے اپنے عہد کا اعادہ کریں گے اور خدا کی دی ہوئی نعمتوں ، اپنی صحت، خوشحالی اور زندگی کے لیے اس کا شکر ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا میں مسلمانوں کے لیے نفرت انگیزی،تعصب اور ان کے خلاف حملے غلط اور ناقابل قبول ہیں جنہیں روکنا ہو گا۔
صدر جوبائیڈن نے کہا کہ امریکا میں ہر فرد کو بلا خوف و خطر آزادی رائے کے اظہار کا حق حاصل ہونا چاہیے ۔ انہوں نے زور دیا کہ ان کی انتظامیہ تمام افراد کے تحفظ اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور کوششیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی انتظامیہ نے ٹرمپ انتظامیہ کی متنازع سفری پابندی کو ختم کردیا ہے جس نے متعدد مسلم ممالک کے امریکہ میں داخلے پر پابندی عائد کردی تھی ۔