امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کے عملے کا وائٹ ہائوس کے سامنے احتجاج، غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ

244
US President Joe Biden
US President Joe Biden

واشنگٹن+برسلز۔14دسمبر (اے پی پی):امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کے عملہ نے ان کی سرکاری رہائش وائٹ ہائوس کے سامنے احتجاج کرکے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق امریکی دفترخارجہ کے سابق عہدیدار جوش پال جنہوں نے اسرائیل کو بڑے پیمانے پر فوجی امداد فراہم کرنے کے امریکی اقدامات کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے گزشتہ اکتوبر میں اپنے عہدے سے استعفا دے دیا تھا، نے اس موقع پر مظاہرے کے شرکا سے خطاب کیا۔ مظاہرے کے شرکا میں زیادہ تعدادخواتین کی تھی جن میں سے بعض نے مخصوص فلسطینی ڈیزائن والا رومال ’’ کوفیہ‘‘ سرو ں پرباندھ رکھا تھا۔مظاہرے کے شرکا نے وائٹ ہائوس کے سامنے غزہ میں مارے جانے والے فلسطینیوں کی یاد میں شمعیں روشن کیں اور پھول رکھے۔مظاہرین نےایک بینر اٹھا رکھا تھاجس پر’’صدر بائیڈن، آپ کا عملہ جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے‘‘ کے الفاظ تحریر تھے۔

قبل ازیں مظاہرے میں شرکت کے لئے جوبائیڈن انتظامیہ کے عملہ کو آن لائن دعوت دی گئی جس میں انہیں کہا گیا کہ وہ ماسک اور غیر واضح لباس پہن کر مظاہرے میں شریک ہوں اور اپنے سرکاری فون ساتھ نہ لے کر آئیں۔ دریں اثنا بی بی سی کے مطابق امریکا کے شہر لاس اینجلس میں فلسطین کے حامی مظاہرین نے احتجاجاً ایک شاہراہ بند کر دی۔انہوں نے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور تقریباً ایک گھنٹے تک ٹریفک بلاک رکھی۔مظاہرین سڑک پر کھڑے ہو گئے اور بعد میں انسانی زنجیر بنا کر بیٹھ گئے۔ کیلیفورنیا ہائی وے پٹرول پولیس کے مطابق اس موقع پر تقریباً 75 افراد کو حراست میں لیا گیا۔

مزید براں ڈاکٹرز کی بین الاقوامی تنظیم ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز (ایم ایس ایف) نے اعلان کیا ہے کہ وہ برسلز میں جمعرات کو یورپی کونسل کے اہم دو روزہ اجلاس کے موقع پر یورپی یونین کے رہنماؤں سے غزہ میں مزید خونریزی کو روکنے کے لیے درخواست کر رہا ہے۔تنظیم کی طرف سے ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ یورپی یونین کے ہر رہنما سے کہتے ہیں کہ غزہ میں پھنسے فلسطینیوں کی جانوں اور عزت کے تحفظ کے لیے جو کچھ آپ کے اختیار میں ہے وہ کریں۔وہ یورپی یونین کے سربراہان مملکت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل کو غزہ کی پٹی پر اندھا دھند بمباری بند کرنے اور ناقابل تصور ہولناکی کا سامنا کرنے والے لوگوں کی حفاظت پر آمادہ کرنے کے لیے اپنی منفرد حیثیت کو استعمال کریں۔

یورپی کونسل کے جاری اجلاس میں یورپی یونین کے رکن ممالک کے سربراہان مملکت اور سربراہان حکومت شریک ہیں۔