امریکی صدر سویڈن کی نیٹو رُکنیت کی مخالفت ترک کرنے پرترک ہم منصب کے شکرگزار

105
جو بائیڈن

ولنیئس ۔12جولائی (اے پی پی):امریکی صدر جو بائیڈن نے سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کی مخالفت ترک کرنے پر اپنے ترک ہم منصب رجب طیب ایردوان کا شکریہ ادا کیا ہے اور ان کی ہمت اور دلیرانہ قیادت کی تعریف کی ہے اوران کے اس فیصلے کو ایک بڑی سفارتی کامیابی قراردیا ہے۔

سعودی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نےلتھوانیا کے دارالحکومت ولنیئس میں نیٹو کے دو روزہ سربراہ اجلاس کے موقع پر ترک صدر اردوان سے ملاقات کے دوران کہا کہ میں آپ کی سفارت کاری اور اس کو آگے بڑھانے کے لیے آپ کی ہمت وحوصلے پرآپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ترک صدر کے اس فیصلے کے بعد امریکا کی طرف سے ترکی کو ایف ۔16 لڑاکا طیاروں کی فراہمی کے اقدامات تیز کردیئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ مغربی دارالحکومتوں میں ترک صدر کی جانب سے سویڈن کی رکنیت کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے پر مایوسی میں اضافہ ہو رہا تھا۔

سویڈن کو اتحاد میں شمولیت کی کوشش کی تکمیل کے لیے نیٹو کے ارکان کی متفقہ منظوری درکار تھی۔سویڈن نے گذشتہ سال یوکرین پر روسی فوج کے حملے کے جواب میں فن لینڈ کے ساتھ مل کر نیٹو کی رکنیت کے لیے کوشش شروع کی تھی لیکن ترکیہ اور ہنگری اس کی مخالفت کررہے تھے۔