واشنگٹن ۔ 19 اپریل (اے پی پی) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک نئے حکم نامے کے تحت امریکہ میں اعلیٰ عہدوں پر ملازمت کرنے والے غیرملکیوں کے جزوقتی ویزوں کا از سر نو جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔اس حکم نامہ کے تحت اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس حکومتی پالیسی پر عمل در آمد کریں جس کے تحت سرکاری منصوبوں میں غیر ملکی کنٹریکٹر بولی نہ لگائیں۔انھوں نے امریکی ریاست وسکانسن میں ایک فیکٹری کے دورے کے موقع پر ’امریکی سامان خریدو، امریکیوں کو نوکری دو` نامی حکم نامے پر دستخط کیے۔یہ حکم ان کے ’سب سے پہلے امریکہ‘ والے انتخابی وعدے کی تکمیل کا حصہ ہے۔لیکن وہ ابھی ایچ ون بی ویزا پروگرام کے خاتمے کے انتخابی وعدے کی تکمیل سے بہت دور ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ ، جسٹس اور ہوم لینڈ سکیورٹی اور ملازمین سے متعلق کے محکموں کو ہدایت دیں گے کہ وہ اس سکیم میں اصلاحات کے لیے تجاویز دیں جن کے تحت امریکی آجر غیر ملکیوں کو امریکہ میں ملازمت دیتے ہیں۔