واشنگٹن۔23جنوری (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یمن حوثیوں کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم (ایف ٹی او) کی فہرست میں شامل کرنے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیئے ہیں۔ شنہوا نے وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ فیکٹ شیٹ کے حوالے سے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کئے جس میں یمن حوثیوں کو دوبارہ غیر ملکی دہشت گرد تنظیم (ایف ٹی او )نامزد کیا گیا ہے۔
فیکٹ شیٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایگزیکٹو آرڈر نے4سال قبل جو بائیڈن کی طرف سے جاری کردہ اس حکم کو واپس لے لیاہے جس میں حوثیوں کودہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے نکال دیا گیا تھا، ٹرمپ نے اپنی صدارت پہلی مدت کے آخری دنوں میں یمن کے حوثیوں کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم کی فہرست میں شامل کیا تھا۔ وائٹ ہاؤس نے فیکٹ شیٹ میں کہاکہ بائیڈن انتظامیہ کی کمزور پالیسی کے نتیجے میں حوثیوں نے درجنوں بار امریکی بحریہ کے جنگی جہازوں پر فائرنگ کی، شراکت دار ممالک میں شہری انفراسٹرکچر پر متعدد حملے کئے اور باب المندب سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر 100 سے زیادہ حملے کئے ۔
ایگزیکٹو آرڈر میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کو ہدایت کی گئی کہ وہ اس حکم نامے کو 30 دنوں کے اندر نافذ کرنے کی سفارش کریں۔ اس حکم نامےکے نافذ ہونے کے بعد ٹرمپ یونائیٹڈ سٹیٹس ایجنسی فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کو ہدایت کریں گے کہ وہ جائزہ مکمل کرنے کے بعد اُن اداروں کے ساتھ اپنے تعلقات کو ختم کریں جنہوں نے حوثیوں کو ادائیگیاں کی ہیں، یا جنہوں نے حوثیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی مخالفت کی ہے اور حوثیوں کی دہشت گردی اورتشدد پر اپنی آنکھیں بند رکھی ہیں۔