واشنگٹن ۔10جولائی (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹرانسپورٹیشن سیکرٹری شون ڈفی کو ناسا کا قائم مقام سربراہ مقرر کر دیا ۔ تاس کے مطابق امریکی صدر نے ٹروتھ سوشل پر پوسٹ میں کہاکہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ میں اپنے عظیم وزیر ٹرانسپورٹیشن، شون ڈفی کو ناسا کا عبوری ایڈمنسٹریٹر بنانے کی ہدایت کر رہا ہوں۔
انہوں نے مزید کہاکہ شون ڈفی ناسا کے لئے لاجواب قیادت ثابت ہوں گے ۔ واضح رہے جون کے شروع میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ناسا کے ڈائریکٹر کے عہدے کے لئے ارب پتی خلائی سیاح جیرڈ آئزک مین کی نامزدگی واپس لے لی تھی ۔
اپریل کے آخر میں امریکی سینیٹ کی کمیٹی برائے کامرس سائنس اور ٹرانسپورٹیشن نے آئزک مین کو ایجنسی کے سربراہ کے طور پر تصدیق کرنے کی سفارش کی تھی۔6 جولائی کو صڈر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ کاروباری شخصیت ایلون مسک نے ان سے ایک قریبی دوست کو محکمہ کا سربراہ مقرر کرنے کے لئے کہا تھا تاہم انہوں نے اس شخص کا نام ظاہر کرنے سے گریز کیا۔