واشنگٹن ۔ 28 اگست (اے پی پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی جماعت ریپبلیکن پارٹی کی جانب سے باضابطہ صدارتی امیدوار کی نامزدگی کو قبول کر لیا اور ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جوبائیڈن پر تنقید کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر جوبائیڈن نومبر انتخابات میں جیت گئے تو ان کی جیت امریکہ کو گھیرنے والے بحرانوں کو مزید بدتر کر دے گی اور وہ امریکہ لاقانونیت سے دوچار اور خطرناک امریکہ ہو گا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز ریپبلیکن پارٹی کنونشن کے آخری روز وائٹ ہاﺅس لان کو اپنے سیاسی مقصد کے لیے استعمال کیا اور اپنے خطاب میں کہا کہ نومبر کے انتخابات ہمارے ملک کی تاریخ کے سب اہم الیکشن ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ا ب سے پہلے کبھی بھی دو جماعتوں، نظریوں اور دو فلسفوں کے درمیان انتخاب کا اتنا واضح فرق نہیں تھا کیونکہ اس سے پہلے کسی بھی بڑی جماعت کے نامزد امیدوار نے کبھی انتہا پسندانہ تجاویز کی پیشکش نہیں کی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ان انتخابات میں فیصلہ ہو گا کہ ہم محفوظ امریکہ کے خواب کو بچائیں یا ہمارے محفوظ ملک کے تصور کو خراب کرنے والے سوشلسٹ ایجنڈا کی اجازت دیں لہذا اگر انتخابات میں جوبائیڈن جیت گئے تو ان کی فتح امریکہ کو گھیرنے والے بحرانوں کو مزید بدتر کر دے گی اور وہ امریکہ لاقانونیت سے دوچار اور خطرناک امریکہ ہو گا۔ کنونشن سے خطاب کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وبا پر فتح پانے کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ اس برس کے اختتام تک یا بہت ممکن ہے کہ اس سے پہلے ہی امریکا کے پاس کورونا وائرس سے بچاﺅ کی ویکسین ہوگی۔