ابوظہبی۔15مئی (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جمعرات کو متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ابوظبی پہنچے۔متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے صدارتی ایئرپورٹ پر امریکی صدر اور ان کے ہمراہ وفد کا استقبال کیا۔امارات نیوز ایجنسی وام کے مطابق امریکی صدر کے استقبال کے لیے ابوظہبی کے نائب حکمران اور قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید النہیان، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان
صدر کے مشیر شیخ محمد بن حمد بن طحنون النہیان، صدر کے دفتر برائے اسٹریٹجک امور کے چیئرمین اور ابوظہبی ایگزیکٹو آفس کے چیئرمین ڈاکٹر احمد مبارک المزروعی، ایگزیکٹو افیئرز اتھارٹی کے چیئرمین خلدون خلیفہ المبارک، اور امریکہ میں امارات کے سفیر یوسف العتیبہ سمیت متعدد اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔امریکی صدر کے طیارے کے متحدہ عرب امارات کی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی عسکری جیٹ طیاروں نے رسمی سلامی کے طور پر معزز مہمان کا استقبال کیا۔
اسکواڈرن لیڈر نے امریکی طیارے سے رابطہ کرتے ہوئے صدارتی ایئرپورٹ تک ہمراہ ہونے کی اجازت طلب کی اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے صدر ٹرمپ کو خوش آمدید کہا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597648