واشنگٹن ۔ 30 مارچ (اے پی پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متنبہ کیا ہے کہ اگر میکسیکو پناہ گزینوں کی غیر قانونی نقل مکانی نہیں روکتا ہے تو اس کے ساتھ سرحد کو سیل کر دیاجائے گا۔صدر ٹرمپ نے گزشتہ روزصحافیوں سے بات چیت کے دوران میکسیکو پر الزام لگایا کہ وہ جنوبی سر حد سے آنے والے پناہ گزینوں کو نہیں روک رہا ،اگر میکسیکو انہیں نہیں روکے گا تو ہم سرحد کو بند کر دیں گے اور طویل عرصے تک بند رکھیں گے، میں کوئی کھیل نہیں کھیل رہا ہوں۔صدر کا یہ بیان ایک ہفتہ قبل ٹوئٹر پر میکسیکو کو اس سلسلہ میں انتباہ دینے کے بعد آیا ہے۔انہوں نے ٹوئٹ کیا تھا کہ ”اگر میکسیکو جنوبی سرحد سے آنے والے تمام پناہ گزینوں کو فوری طور پر نہیں روکتا ہے تو میں آئندہ ہفتے سر حد کو بند کر دوں گا یاسر حد کے ایک بڑے حصے کو سیل کر دیا جائے گا۔ ٹرمپ کے انتباہ کے بعد میکسیکو کے سیکرٹری خارجہ مارسیلو آبرارڈ نے ایک بیان جاری کرکے کہا کہ میکسیکو دھمکیوں سے ڈرنے والوں میں نہیں ، وہ دھمکیوں کے خوف سے کام نہیں کرتا ہے۔