واشنگٹن۔28جنوری (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک کے لئے اسرائیل کی طرز کے ’’آئرن ڈوم‘‘ ایئر ڈیفنس سسٹم کی منصوبہ بندی شروع کرنے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیئے ۔اسرائیل اس جدید دفاعی نظام کو ہزاروں راکٹوں کو روکنے کے لئے استعمال کرتا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر دفاع کو حکم دیا کہ وہ 60 دنوں کے ’’نیکسٹ جنریشن میزائل ڈیفنس شیلڈ‘‘ کے لئے عمل درآمد کا منصوبہ پیش کریں جو کہ بیلسٹک، ہائپرسونک اور جدید کروز میزائلوں سے بچاؤ سمیت خلائی پر مبنی انٹرسیپٹرز کو ترقی دے کر بنایا گیا ہے ۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے 2024 کی انتخابی مہم کے دوران بارہا وعدہ کیا کہ وہ امریکاکے لئے اسرائیل کی طرز کے آئرن ڈوم سسٹم کا ایک ورژن بنائیں گے تاہم، انہوں نے اس حقیقت کو نظر انداز کر دیا کہ یہ نظام مختصر فاصلے کے خطرات کے لئے بنایا گیا ہے، جس کی وجہ سے یہ بین البراعظمی میزائلوں کے خلاف دفاع کے لئے موزوں نہیں ہے جو امریکا کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔پیر کے ایگزیکٹو آرڈر میں مخالفین کا نام لئے بغیر ان کی میزائل لانچنگ صلاحیتوں کی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیاکہ گزشتہ 40 سالوں میں اگلی نسل کے سٹریٹجک ہتھیاروں سے خطرہ کم ہونے کی بجائے زیادہ شدید اور پیچیدہ ہو گیا ہے۔
قبل ازیں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ یہ نظام امریکا میں قائم کیاجائے گا۔ ٹرمپ نے میامی میٹنگ میں کہا کہ اسرائیل نے آئرن دوم ڈیفنس سسٹم سے اپنی طرف آنےوالے تقریباً ہرمیزائل اور ڈرون کو مار گرایا اس لئے میں سمجھتا ہوں کہ امریکا کو یہ ضرور اپنانا چاہیے۔ انہوں نے پیر کو امریکی فوج سے متعلق کئی دیگر احکامات پر دستخط کئے، جن میں سے ایک میں خواجہ سراؤں کے لئے مسلح افواج میں پابندی عائد کرنے کا راستہ طے کرنا بھی شامل ہے۔ اسرائیل نے 7 اکتوبر کے بعد شروع ہونے والی جنگ کے دوران راکٹوں کو مار گرانے کے لئے اپنا ’’آئرن ڈوم‘‘سسٹم استعمال کیا ہے۔