21.6 C
Islamabad
جمعرات, ستمبر 4, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںوینزویلا کی منشیات بردار کشتی پر امریکی فوج کے حملے میں 11...

وینزویلا کی منشیات بردار کشتی پر امریکی فوج کے حملے میں 11 افراد ہلاک

- Advertisement -

واشنگٹن۔3ستمبر (اے پی پی):امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فورسز نے وینزویلا سے روانہ ہونے والی منشیات بردار کشتی کو نشانہ بنایا اور اسے تباہ کر دیا جس سے 11 منشیات فروش مارے گئےتاہم ماہرین اسے امریکا اور وینزویلا کے درمیان کشیدگی میں ایک نمایاں اضافہ قرار دے رہے ہیں۔اے ایف پی کے مطابق ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں کو بتایا کہ امریکی فورسز نے ایک کشتی کو نشانہ بنایا، کشتی میں بہت زیادہ منشیات موجود تھیں تاہم انہوں نے صحافیوں سے گفتگو میں آپریشن کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔بعد ازاں انہوں نے ٹروتھ سوشل پر اس حملے کی تفصیل اور ویڈیو شیئر کی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں ایک اسپیڈ بوٹ دکھائی دیتی ہے جس پر کئی افراد سوار ہیں اور پھر وہ زور دار دھماکے سے تباہ ہو جاتی ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آج صبح میرے حکم پر امریکی فوج نے ٹرین دے اراگوا کے منشیات فروش گروہ پر مہلک حملہ کیا، یہ دہشت گرد بین الاقوامی پانیوں میں منشیات امریکا منتقل کر رہے تھے، حملے میں 11 دہشت گرد مارے گئے جبکہ امریکی فورسز کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ٹرمپ نے مزید الزام لگایا کہ وینیزویلا کا یہ گروہ نکولس مادورو کی نگرانی میں کام کررہا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے خبردار کیا کہ یہ پیغام ان سب کے لیے ہے جو امریکا میں منشیات لانے کے بارے میں سوچ بھی رہے ہیں، خبردار رہیں!۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ امریکی فوج نے حملہ کیا جس میں وینزویلا سے نکلنے والی منشیات بردار کشتی کو نشانہ بنایا گیا۔مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا اپنی پوری طاقت استعمال کرتے ہوئے منشیات کے کارٹلز کو ختم کرے گا۔امریکی محکمہ دفاع کے ایک سینئر عہدیدار نے بھی کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پریسیژن سٹرائیک سے متعلق مزید معلومات بعد میں جاری کی جائیں گی۔

یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب واشنگٹن اور کاراکاس کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، امریکا نے حال ہی میں لاطینی امریکا میں 8 جنگی جہاز تعینات کیے ہیں، جسے وہ منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف جنگ قرار دیتا ہے۔وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے حال ہی میں ملک میں زیادہ سے زیادہ تیاری کی حالت نافذ کر دی ہے تاکہ امریکی خطرات کا مقابلہ کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ امریکا نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے خلاف دباؤ بڑھاتے ہوئے ان کی گرفتاری پر انعام 25 ملین ڈالر سے بڑھا کر 50 ملین ڈالر کر دیا ہے۔ ٹرمپ کی پہلی صدارتی مدت سے ہی مادورو ان کے نشانے پر ہیں ۔گزشتہ ہفتے وینزویلا نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا تھا کہ امریکا کی فوجی تعیناتی کو ختم کرایا جائے جبکہ نکولس مادورو نے کہا کہ اگر حملہ ہوا تو وینزویلا ملکی دفاع کے لیے مسلح جدوجہد کے لیے تیار ہے۔

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں