26.6 C
Islamabad
جمعہ, اپریل 11, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںامریکی صدر کی برکس ممالک کو اپنی کرنسی رائج...

امریکی صدر کی برکس ممالک کو اپنی کرنسی رائج کرنے کی صورت میں ایک سو فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی

- Advertisement -

واشنگٹن۔31جنوری (اے پی پی):امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈالر کی جگہ اپنی کرنسی رائج کرنے کی صورت میں برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقا پر مشتمل گروپ برکس کو ایک سو فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی ہے، انہوں نے ہفتے سے کینیڈا اور میکسیکو پر 25 فیصد محصولات عائد کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ۔

ڈوئچے ویلے کی رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر پوسٹ میں کہا کہ ہم بظاہرمخالف ملکوں سے یہ وعدہ حاصل کرنے جارہے ہیں کہ وہ نہ تو کوئی نئی برکس کرنسی بنائیں گے اور نہ ہی کسی ایسی دوسری کرنسی کی حمایت کریں گے جو کہ طاقت ور امریکی ڈالر کی جگہ لینے کی کوشش کرے، اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو انہیں 100 فیصد ٹیرف کا سامنا کرنا پڑے گا۔

- Advertisement -

روس نے کچھ عرصے قبل کہا تھا کہ امر یکا کی طرف سے دیگر ملکوں کو ڈالر استعمال کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش کے برعکس نتائج بھی برآمد ہو سکتے ہیں۔برکس گروپ برازیل، روس، بھارت، چین، جنوبی افریقا اور چند دوسرے ممالک پر مشتمل ہے جو حالیہ چند برسوں کے دوران اس میں شامل ہوئے ۔

اس گروپ کی کوئی مشترک کرنسی نہیں لیکن اس موضوع پر طویل عرصے سے بات چیت جاری ہے اور یوکرین میں جنگ کی وجہ سے مغربی ملکوں کی جانب سے روس پر پابندیاں عائد کرنے کے بعد اس معاملے میں تیزی آگئی ہے۔ امریکی صدر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس بات کا کوئی امکان نہیں کہ بین الاقوامی تجارت میں، یا کہیں اور برکس کی نام نہاد کرنسی امریکی ڈالر کی جگہ لے لیکن اگر کسی نے ایسا کرنے کی کوشش کی تو اسے امریکی ٹیرف کا خیرمقدم اور امریکا کو الوداع کہنا پڑے گا۔

ٹرمپ نے برکس ممالک کو اس تنبیہ سے قبل کینیڈا اور میکسیکو پر یکم فروری سے 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا بھی اعلان کیا لیکن تیل کی درآمدات کو اس سے مستثنیٰ رکھنے کے امکان کو کھلا رکھا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا میکسیکو اور کینیڈا سے درآمدات میں ہونے والی کسی بھی کمی کو بہت جلد پورا کر سکے گا، ہمیں ان کی مصنوعات کی ضرورت نہیں ، ہمارے پاس وہ تمام تیل ہے جس کی ہمیں ضرورت ہے۔

اٹلانٹک کونسل کے جیو اکنامکس سینٹر کی طرف سے گزشتہ سال کئے گئے ایک مطالعے سے پتہ چلتا ہے کہ امریکی ڈالر کو دنیا کی بنیادی ریزرو کرنسی کی حیثیت حاصل ہے اور ابھی تک یورو بھی ڈالر پر عالمی انحصار کم کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا ۔ دریں اثنا کینیڈا اور میکسیکو نے امریکی ٹیرف کا جواب دینے کا اعلان کیا ہے تاہم امریکی انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی کہ سرحدی سکیورٹی کے حوالے سےوہ اس کے خدشات کا ازالہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=554235

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں