واشنگٹن۔20فروری (اے پی پی):امریکی محکمہ دفاع نے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے دفاعی بجٹ میں 50 ارب ڈالر کی ممکنہ کٹوتی کے مسئلے سے نمٹنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔پینٹا گون کی طرف سے جاری بیان میں امریکی فوج سے کہا گیا ہے کہ وہ مالی سال 2026 کے آئندہ بجٹ سے 50 بلین ڈالر کی ممکنہ کٹوتیوں کی فہرست تیار کرے۔بیان کے مطابق سابق صدر جو بائیڈن نے 2025 کے لئے تقریباً ساڑھے آٹھ کھرب ڈالر کے دفاعی بجٹ کی منظور ی دی تھی۔اے پی کی رپورٹ کے مطابق نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے اس میں تقریباً 8 فیصد کٹوتی کا امکان ہے ۔
بیان کے مطابق فوج نے 2025 کے لئے صدر جو بائیڈن کے ترجیحی منصوبوں کے لئے فنڈز میں کٹوتی کر کے ان فنڈز کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ترجیحی منصوبوں کی طرف منتقل کرنے پر کام شروع کر دیا ہے۔واضح رہے کہ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگ سیٹھ نے پینٹا گون کے 2026 کے بجٹ پر نظرثانی کا حکم دیا ہے ۔ انہوں نے محکمہ دفاع کے سینئر رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ کٹوتیوں کی منصوبہ بندی کریں جس سے دفاعی بجٹ میں سالانہ آٹھ فیصد کے حساب سے آئندہ پانچ سالوں میں تقریباً 290 بلین ڈالر کمی ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ دفاع کو جنگجوؤں کے اخلاق کو بحال کرنے، ہماری فوج کی تعمیر نو اور ڈیٹرنس کو دوبارہ قائم کرنے کے لیے فوری طور پر کام کرنا چاہیے،ہمارا بجٹ جنگی قوت کو وسائل فراہم کرے گا جس کی ہمیں ضرورت ہے، غیر ضروری دفاعی اخراجات بند ، ضرورت سے زیادہ بیوروکریسی مسترد اور آڈٹ میں پیشرفت سمیت قابل عمل اصلاحات کی جائیں گی۔
علاوہ ازیں صدر ڈونلڈ ٹرمپ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ ایلون مسک کی سربراہی میں قائم ڈیپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفی شینسی (ڈاج ) کی ٹیم جلد ہی اس کام کا آغاز کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ پینٹا گون کے اخراجات کا جائزہ لیا جانا چاہیے، مجھے یقین ہے کہ آڈٹ کے دوران اربوں ڈالرز کے گھپلے سامنے آئیں گے۔